اردو تماشہ
February 25, 2005کبھی توجہ ہی نہیں دیا کہ کوئی میرے بلاگ کے پوسٹ میں تبصرے بھی لکھیں گے ـ ہفتہ بھر چند پوسٹیں لکھ کر کسی ایک دن اپنے بلاگ پر پوسٹ کردیتا ہوں، بس میرا اتنا ہی کام ہے اور کبھی وقت ملے تو اپنے بلاگ کی نوک پلک درست کرلیتا ہوں ـ غلطی سے اپنی ایک پرانی پوسٹ پر نظر پڑی جہاں پر مسٹر دانیال نے مجھے رائے دی کہ میں اپنے بلاگ میں نفیس نسخ استعمال کروں اور انہوں نے مجھے آگاہ بھی کیا کہ اردو نسخ ایشیا ٹائپ بی بی سی کا ذاتی فونٹ ہے ـ میری ایک اور پوسٹ کے تبصرے میں نبیل صاحب نے تو مجھے چونکا ہی دیا، جو جرمنی سے اردو بلاگ لکھتے ہیں ـ نبیل صاحب نے مجھے بہت ساری باتوں سے آگاہ کیا ـ اگر نبیل صاحب مجھے خبر نہ کرتے تو پتہ ہی نہیں چلتا تھا کہ چند لوگ انٹرنیٹ پر اردو زبان کیلئے خدمت کر رہے ہیں ـ نبیل صاحب کا شکریہ کہ وہ میرے بلاگ پر آئے اور مجھے بہت ساری معلومات پہنچائیں جس سے میں بے خبر تھا ـ
بہت خوشی ہو رہی ہے کہ آج نیٹ پر چار نہیں پانچ نہیں درجن بھر اردو بلاگر موجود ہیں ـ سستی کہوں، کاہلی کہوں یا پھر وقت نہیں ملتا کہ دوسروں کے اردو بلاگ پر وزٹ کرسکوں ـ پہلی بات تو یہ ہے کہ میرے کمرے میں نیٹ کنیکشن نہیں ہے اور خود ہفتے میں ایک بار سائبر کیفے سے بلاگ کرتا ہوں ـ کبھی سوچا بھی نہیں کہ ایک دن نیٹ پر اتنے سارے اردو بلاگرس دیکھنے کو ملیں گے ـ مگر افسوس ہے کہ میرے علاوہ کسی دوسرے ہندوستانی نے ابھی تک اردو میں بلاگ لکھنا شروع نہیں کیا ـ