Archive for November 20th, 2005

فقیرانہ تحفہ

November 20, 2005

میرے جنم دن پر ملنے والے تحفوں میں سے ایک گفٹ پیاک آج کھولکر دیکھا تو حیران رہ گیا پھر بہت ہنسی آئی کیونکہ گفٹ پیاک سے ایک خوبصورت جائے نماز نکلی ہمارے ایک ساتھی، جو مجھے یہ ج ائے نماز کا گفٹ دیا تھا، مجھ سے وعدہ بھی لیا تھا کہ وہ عنقریب انڈیا واپس چلے جائیں گے اور انکے جانے کے بعد ہی گفٹ کھولنا ـ انہیں انڈیا گئے تقریبا ایک ماہ کا عرصہ ہوگیا تو مجھے انکا دیا ہوا تحفہ اور وعدہ یاد آیا ـ اسی وقت ہمارے بزرگ ساتھی کو SMS لکھ بھیجا ’’واہ، کیا فقیرانہ تحفہ ہے!‘‘

حالانکہ ہمارے ساتھی نہ تو فقیر ہیں اور نہ ہی انکا دیا ہوا تحفہ فقیرانہ تھا بلکہ انہوں نے اپنے طور سے ایک بہترین تحفہ دیا تھا ـ ہم آپس میں بہت مذاق کرتے تھے، اسی لئے مذاقا میں نے انہیں اسطرح کا SMS لکھ بھیجا کہ آپ کا دیا ہوا تحفہ کھولا تو ’’فقیرانہ‘‘ پایا ہمارے بزرگ ساتھی جو میرے آزاد خیالات سے اچھی طرح واقف ہیں، اسی لئے جان بوجھ کر ایسا تحفہ دے گئے اور ساتھ میں وعدہ بھی لیا تھا کہ انکے جانے کے بعد ہی گفٹ پیاک کھولا جائے ـ

عمر پچاس سال، روزانہ شام کو پارک میں ہمارے ساتھ والی بال اور فٹ بال کھیلا کرتے، وہ ایک عبادت گذار انسان تھے اسکے علاوہ رات دیر تک ہم دوستوں کے ساتھ سمندر کنارے (بیچ) پر شرارتوں میں بھی شامل رہتے ہم پر مٹی کے گولے بناکر پھینکنا، صاف ستھرے کپڑوں کیساتھ پانی میں ڈھکیلنا وغیرہ ـ سب کے ساتھ ہنسی مذاق کرتے ہوئے پھر بھی اپنا بزرگ والا وقار برقرار رکھا، ایسے بزرگ لوگ بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں جو بچوں کیساتھ بچہ بن جائے اور نوجوانوں کیساتھ جوان اور ہشاش بشاش، اداکاری میں قادر خان اور انوپم کھیر سے کچھ کم نہیں تھے ـ میں اکثر انہیں مِس کرتا رہتا ہوں تقریبا بارہ سال امریکہ میں اور آٹھ سال دبئی میں رہے، فی الحال انڈیا میں اپنے خاندان کے ساتھ بہت مزے اڑا رہے ہیں ـ