Archive for January, 2006

رَنگ دے بسنتی

January 29, 2006

یومِ جمہوریہ کے موقع پر ہندوستانی نوجوان نسل کیلئے ایک بہترین فلم

جمعہ کی شام سکینڈ شو دیکھنے کا اتفاق ہوا، تھیٹر میں مختلف ممالک کے تماش بین موجود تھے جس سے اندازہ ہوتا ہے عامر خان واقع عالمی شہرت یافتہ ہے، اِس فلم کو دیکھنے کیلئے سنیما ہال کے اندر اور باہر ایسے کئی غیر ملکیوں کا ہجوم دیکھا جو ہندی کو بالکل نہیں سمجھتے مگر اُنکا جوش و جذبہ بتا رہا تھا کہ وہ عامر خان کی اداکاری دیکھنے آئے ہیں ـ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ امارات کے سبھی سنیما ہالوں میں مختلف ممالک کے لوگ ایک ہی صف میں بیٹھتے ہیں اور ایسا منظر یہاں کے ہندی سنیما ہالوں میں کچھ زیادہ ہی دیکھنے کو ملتا ہے ـ

ہمارے ملک کی اکثر ہندی فلمیں روایتوں پر مبنی ہیں یعنی کئی فلموں کی کہانیاں ایک جیسی! مگر آجکل بالی ووڈ سے آنے والی فلمیں ناظرین کو بہت بور کرتی ہیں کبھی تو رونے کو دل کرتا ہے ـ اسکے باوجود حیرت کی بات یہ ہے کہ آج بالی ووڈ کا جادو پوری دنیا میں ہر جگہ سر چڑھ کر بول رہا ہے ـ میں خود اپنی ٹی وی پر دیکھتا ہوں جس میں یوروپی، روسی کے علاوہ اور دیگر ممالک کے ٹیلیویژن چیانلوں میں ہندی فلموں کو وہاں کی مقامی زبانوں میں نشر کیا جاتا ہے ـ اسکے علاوہ ہانگ کانگ، جاپان، سنگاپور، ملیشیاء وغیرہ میں بھی لوگ ہندی فلموں کو بہت شوق سے دیکھتے ہیں ـ

رَنگ دے بسنتی : بہت دنوں بعد ایک اچھی اور بہترین فلم دیکھنا نصیب ہوا، عامر خان کے علاوہ سبھی کلاکاروں نے جم کر اداکاری کی اور فلم کی کہانی بھی جاندار ہے ـ رَنگ دے بسنتی دیکھنے کیلئے یہاں دبئی کے سبھی سنیما ہال آج بھی ہاؤز فل جا رہے ہیں ـ میرا خیال ہے ہندوستان کی نئی نسل کیلئے کچھ ایسی ہی فلمیں بنانی چاہئیں تاکہ اُنکے اندر مزید شعور جاگے اور پوری سنجیدگی کے ساتھ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی خدمات پیش کریں ـ

رَنگ دے بسنتی : ویب سائٹ

اَپہرَن

January 29, 2006

گنگاجل کے بعد فلمساز پرکاش جھا ایک بار پھر فلم بین کی امیدوں پر کھرے اُتر رہے ہیں، جھا کے ڈائریکشن اور اجئے دیوگن، نانا پاٹیکر کا منجھا ہوا رول اِس فلم کی جان ہے ـ حالانکہ فلم کی کہانی اختتام پر ڈرامائی موڑ اپنا لیتی ہے لیکن پھر بھی یہ فلم ناظرین کو پورے ڈھائی گھنٹوں تک باندھے رکھتی ہے ـ اِس مووی میں سب سے حیران کُن بات یہ ہے کہ بِپاشا باسو پورے کپڑوں میں نظر آئیں جو کہ اُنکے چاہنے والوں کیلئے ایک چونکا دینے والی بات ہے ـ

فلم اَپہرَن کی ویب سائٹ
فلم اَپہرَن کا ویب بلاگ

ہندوستان میں سعودی شاہ کی آمد

January 24, 2006

ایسا پہلی بار ہو رہا ہے کہ 51 سالوں میں کسی سعودی شاہ کو دنیا کے سب سے بڑے سیکولر اور جمہوری ملک ہندوستان آنا نصیب ہوا ـ خادم الحرمین الشریفن اور سعودی عرب کے موجودہ ولی عہد شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز دورہ ہند کیلئے نکل پڑے ہیں اور رات کے کسی بھی پہر ہندوستان میں نظر آسکتے ہیں ـ وہ یہاں اپنے قیام کے دوران صدر جمہوریہ جناب عبدالکلام اور وزیراعظم مسٹر منموہن سنگھ سے ملاقات کا شرف حاصل کریں گے ساتھ ہی اپنے پسندیدہ موضوعات جیسے دہشت گردی، توانائی اور دفاع کو ہندوستانی رہنماؤں کے ساتھ شیئر کریں گے ـ علاوہ ازیں یہاں کے فلاحی و سماجی اداروں کے سربراہان سے ملکر چندے و عطیہ جات کے لین دین پر بھی غور فرمائیں گے اِس موقع پر دینی مدارس والوں کو سعودی شاہ کے اِرد گِرد پنکھ مارنے کی بھی گنجائش نہیں ہوگی کیونکہ وہ سخت سیکوریٹی میں ہونگے ـ دوسری طرف ائمہ اور علماؤں نے شاہ سعودی عربیہ کی آمد کا خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ دہشت گردی کے لگے دھبّوں کو ساتھ ملکر دھونے میں آسانی ہوگی ـ یہ وہی شاہ ہیں جو سعودی عرب کے ولی عہد بننے کے بعد مجاہدین کو للکارتے ہوئے امریکہ کی قربت حاصل کی، فی الحال وہ ایک امریکی سپاہی کیطرح مجاہدوں کو پکڑ کر امریکہ کے حوالے کر رہے ہیں ـ میڈیا والوں نے خیال ظاہر کیا یہاں پہنچ کر شاہ عبداللہ ہندوستانی مسلمانوں کے کسی خاص فرقے سے ملکر عراق، افغانستان اور فلسطین جیسے پیچیدہ مسائل پر جذباتی انداز سے گفتگو کرسکتے ہیں مگر ایران اور شام کے تازہ ترین حالات پر روشنی ڈالنے کیلئے اُنکے پاس شاید وقت نہیں ہوگا ـ شاہِ سعودی عرب چار دن تک ہندوستان کے سرکاری مہمان ہونگے، امید ہے وہ اپنی پہلی فرصت میں تاج محل جانا پسند فرمائیں گے تاکہ وہاں جاکر روایتی بِدعات کی رسم سے فیضیاب ہوسکیں ـ ہندوستان ہمیشہ سے بیت المقدس اور فلسطین کے بارے میں فکر مند رہتا ہے اور اِس موقع پر بھی سعودی ولی عہد سے کہنا چاہے گا کہ بین الاقوامی برادری سے باہمی گفت و شنید کا سلسلہ جاری رہے ـ مملکتہ السعودیہ جو کثرت سے تیل پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہندوستان اِس ملک سے کثیر مقدار میں تیل خریدتا آرہا ہے، امید ہے سعودی شاہ سے ملاقات دونوں ملکوں کے بیچ تیل کی سودے بازی میں مزید آسانیاں ہونگی ساتھ ہی دوہرے ٹیکس کو ٹالنے اور دو طرفہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے سے متعلق سمجھوتوں پر دستخط بھی ہونگے اور پھر کبھی شام کو فرصت ملے تو چائے پینے کے بعد دہشت گردی کا موضوع بھی چھیڑیں گے ـ

کورل فیملی

January 20, 2006
اردو یونیکوڈ جو اِس وقت انٹرنیٹ پر اُودھم مچا رہا ہے، آنے والے دنوں میں تمام سافٹویئرس پر بھی اردو یونیکوڈ کا استعمال آسان ہوجائے گا کیونکہ نئے سافٹویئرس ونڈوز سے ملی بھگت کے تحت بنائے جاتے ہیں ـ مثال کے طور پر کورل ڈرا ورژن 10 پر اردو یونیکوڈ کام نہیں کر رہا تھا اور اب اسی کے نئے ورژن 12 جو اسوقت سبھی بازاروں میں دستیاب ہے، اِس ورژن میں اردو یونیکوڈ اُچھل کود کر رہا ہے جس سے اُردو پرنٹنگ اور پبلشنگ والوں کو فائدہ ہوگا ـ کورل ڈرا کے ورژن 12 پر نفیس ویب نسخ اور ٹاھوما فونٹس کے ذریعے اُردو یونیکوڈ کا تجربہ کامیاب رہا جس سے اُردو گرافک اور ویب گرافک میں کافی بہتری آئے گی ـ کورل کے اِس نئے ورژن میں دنیا بھر کی زبانیں ٹائپ اور ایڈٹ کرسکتے ہیں، کورل ہر بار مخصوص چیزیں ملاوٹ Update کرتا ہے ـ اِس پروگرام میں مختلف فارمیٹس کی تقریبا 25 فائلیں دیکھ اور ایڈٹ کرسکتے ہیں اور تقریبا 50 کے قریب مختلف فارمیٹس کی فائلیں Import بھی کرسکتے ہیں علاوہ اِس میں بنائی گئیں گرافکس کو تقریبا 40 فارمیٹس میں ایکسپورٹ کیا جاسکتا ہے ـ اور بھی بہت ساری خوبیاں صرف ایک سافٹویئر میں موجود ہیں جیسا کہ ویب پیج ڈیزائن کرنا، فائل کو CorelDRAW کا ہونا کس قدر ضروری ہے چونکہ کوئی بھی فائل صرف اُسکے مخصوص پروگرام میں ہی Open ہوتی ہے جو اُسے سپورٹ کرے مگر کورل ڈرا میں تقریبا تقریبا کئی فارمیٹس کی فائلیں کھولی یا امپورٹ کی جاسکتی ہیں ـ یہ پروگرام مہنگا ضرور ہے مگر ٹرائی مار سکتے ہیں ـ

کورل ڈرا


یہ ایک مہنگا گرافک سافٹویئر ہے، اس پروگرام میں موجود خوبیوں کو دیکھ کر اسکی قدر و قیمت کا صحیح اندازہ کرسکتے ہیں ـ تمام گرافک انڈسٹریز اور پرنٹنگ پبلیشنگ جیسے کاروبار میں یہ پروگرام ریڑھ کی ہڈی ہے اور اسکی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ کورل ڈرا پچھلے دس بارہ سالوں سے گرافک کے سبھی سافٹویئرس میں اپنی اہمیت کو برقرار رکھا ہے ـ ایک زمانے میں ایئر کرافٹس، ہیلی کاپٹرس اور گاڑیاں وغیرہ کا ڈیزائن پہلے کورل ڈرا میں تیار کیا جاتا تھا ـ کورل سافٹویئرس DTP (ڈیسک ٹاپ پبلیشنگ) آپریٹرس میں چہیتا ہے، اسی پروگرام کی مدد سے رنگین اخبارات اور رسالوں کا پیج Layout تیار کرکے شائع کیا جاتا ہے چونکہ اِس پروگرام میں Color سپریشنس اور Page Layout کا طریقہ آسان اور مفید ہے اور پرنٹنگ پریس میں جہاں مختلف سافٹویئرس استعمال ہوتے ہیں آخر میں کورل ڈرا کا استعمال ضروری ہوجاتا ہے جس کے بغیر پرنٹنگ کا کام مکمل نہیں ہوتا ـ کورل ڈرا دوسرے کئی سافٹویئرس کی فائلوں کو سپورٹ کرتا ہے جیسے PSD (فوٹوشاپ)، Al (ایلائسٹریٹر)، FPX (کوڈاک فلاش پِکس)، SWF (مائکرو میڈیا فلاش) کے علاوہ اور دوسری فارمیٹس بھی موجود ہیں ـ کورل ڈرا Apple کی ملی بھگت سے Macintosh کی مختلف فائلوں کو اپنے دل میں جگہ دیتا ہے ـ اتنا سب ہونے کے باوجود ستم ظریفی کہ آج تک کوئی بھی سافٹویئر کورل ڈرا کی فائل کو قبول نہیں کرتا یا پھر کورل کارپوریشن نے ایسا کرنے نہیں دیا ـ


کورل ڈرا کے پروگرام میں انجینئرنگ سے لیکر گارمنٹ (ٹیکسٹائل ڈیزائننگ) ، آرکیٹکچر اور نقشہ جات وغیرہ کا ڈیزائن بنایا جاتا ہے ـ اِس پروگرام کو کورل کارپوریشن نے بنایا، جس نے گرافک کے میدان میں ان گنت سافٹویئرس تیار کئے جس میں سب سے زیادہ مقبول ہونے والا پروگرام ’’کورل ڈرا‘‘ ہے ـ تین سال قبل کورل کارپوریشن نے جب کورل 10 ریلیز کیا اُسی پروگرام سے منسلک R.A.V.E کو بھی متعارف کروا دیا ـ پیدائش کے وقت R.A.V.E میں مائکرو میڈیا فلاش جیسی خصوصیات تو نہیں ہیں البتہ توقع ہے اُسکے شعور سنبھالنے تک Flash کے دانت کھٹے ضرور ہوسکتے ہیں ـ فلاش جو مائکرو میڈیا کی پیداوار ہے جس نے ویب پیج پروگرامنگ میں ایک انقلاب لیکر آیا پھر بھی اُسکی شرافت کہ دوسرے پروگرامز کو بھی جگہ دے رکھا ہے ـ اِس وقت R.A.V.E بچہ ہے، کورل کی اگلی پیشکش کے ساتھ اُس میں مزید خوبیوں کی امید کی جاسکتی ہے ـ کورل 10 یا پھر اُسکے آگے کے کسی بھی ورژن کو اپنے کمپیوٹر پر انسٹال کرنے سے استعمال کنندہ Corel Photopoint اور R.A.V.E دونوں پروگرامس سے فیضیاب ہوسکتا ہیں ـ

کورل R.A.V.E

کورل کارپوریشن نے اِس اچھوتے اور منفرد پروگرام کو R.A.V.E کا نام دیا ہے، اس میں مائکرو میڈیا کے فلاش سافٹویئر جیسی چند خصوصیات بھی شامل ہیں ساتھ میں فلاش کی طرح swf فارمیٹ میں انیمیٹڈ فلم کو محفوظ کیا جاسکتا ہے علاوہ گِف اور AVI فارمیٹس کا بھی مزہ لے سکتے ہیں ـ اسکی پیٹ میں Photoshop کی فائلیں امپورٹ کرکے مختلف اشکال کو ترتیب دیا جاسکتا ہے ـ اِس پروگرام میں دماغ کو مشتعل کرنے کی ضرورت نہیں البتہ Frames کے نخرے سمجھ میں آجائیں تو کسی بھی اناڑی کو باوقار Animator بننے میں دیر نہیں لگتی ـ

جیسا کہ انپیج اردو سافٹویئر کے لکھاری حضرات اچھی طرح جانتے ہیں CorelDRAW واحد پروگرام ہے جو اُردو نستعلیق فونٹس کے نخرے بلا جھجک قبول کرلیتا ہے، ظاہر ہے کورل R.A.V.E پر بھی انپیج اردو سافٹویئر کے تمام فونٹس اپنے دانت دکھاتے نظر آئیں گے ـ مائکرو میڈیا فلاش کے ماہرین کیلئے کورل R.A.V.E کو آپریٹ کرنا آسان ہے ـ کورل کارپوریشن نے آنے والے دنوں میں R.A.V.E کو اور بہتر بنانے کا اعلان کیا ہے ـ




R.A.V.E چلانا اور اسے سیکھنا مشکل نہیں، اناڑی لوگ فلاش سافٹویئر کی اسکرین دیکھ کر کانپ جاتے ہیں جبکہ R.A.V.E کو دیکھنے سے سیدھا MS Paint کی یاد تازہ ہوجاتی ہے اور R.A.V.E سیکھنے کیلئے کسی کراماتی اُستاد کی ضرورت نہیں ـ اِس ربط کے ذریعے کورل ڈرا کا ٹرائل ورژن ڈاؤن لوڈ کرکے ٹرائی مارا جاسکتا ہے مگر (ڈاؤن لوڈ سے پہلے کئی مراحل سے گذرنا پڑے گا یعنی رجسٹریشن وغیرہ کے علاوہ اپنے پرانے کورل ورژن کا PIN کوڈ بھی بتانا پڑے گا تب کہیں جاکر ٹرائی مارنے کے لائق بن سکتے ہیں) کورل ڈرا واقع ایک بڑا پروگرام ہے جسکی گہرائی میں اترنے کی ضرورت نہیں اور RAVE کا طریقہ استعمال کورل ڈرا جیسا ہی ہے البتہ صرف اتنا فرق ہے فریمس کا خیال رکھنا چاہئے ـ اگر یہ پروگرام سیکھ لیں تو پانچ منٹ کی انیمیٹڈ فلم بناسکتے ہیں، علاوہ انٹرنیٹ پر اپنے صفحات اور بلاگز پر جاذب نظر متحرک ٹائٹل، سرخیاں وغیرہ اُردو / انگریزی دونوں میں بنایا جاسکتا ہے، یہاں نیچے دو گِف تصویریں اسی پروگرام R.A.V.E کی مثالیں ہیں ـ


مزید اُردو کے متحرک نمونے:

اردو انیمیشن پہلی قسط
اردو انیمیشن دوسری قسط
اردو انیمیشن تیسری قسط

کورل ڈرا ـ پیدائش سے اب تک کے مرحلے

اِن سے ملو ـ 9

January 18, 2006

یہ خدا ہے

با جوڑ معاہدہ کی بے جوڑ کارروائی پر مشرف سیدھا خدا کے حضور چلے آئے، خالی ہاتھ دربار میں آتے دیکھ خدا چونک پڑے: القاعدہ نمبر دو کہاں ہیں؟ امریکہ کو بھی یہیں دربار میں پاکر مشرف بوکھلا گئے: وہ تو نہیں ملے البتہ انکے علاقے میں درجنوں چاہنے والے مار دیئے گئے ـ خدا نے مشرف پر طنز کیا: ایک اور باجوڑ ہوجائے! مشرف نے ماتھا پونچھا: گر یہی اطلاع حالیہ باجوڑ کارروائی سے پہلے ملی ہوتی تو شاید اچھی بات تھی ـ مشرف کی بات خدا کو خوب لگی اور خبردار کیا: باجوڑ کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور یہ پیشگی اطلاع ہے، باجوڑ سے کچھ اجڑ بھی جائے تو اسے بے جوڑ نہ سمجھو بلکہ ہماری مرضی سمجھو ـ مشرف نے کچھ سمجھا نہیں اور گردن ہلادی ـ شوکت کے شکایت لیکر پہنچنے سے قبل امریکہ نے جواب بھیجا زلزلے بغیر اطلاع چلے آتے ہیں اور باجوڑ کارروائی بھی خدا کی مرضی تھی ـ مگر عوام کا پرزور احتجاج آج بھی برقرار ہے ایران اور شام پر جڑواں نظر رکھنے کے باوجود خدا کو باجوڑ کی کیا سوجھی؟ بلوچستاں کیا کم تھا مشرف کو اب باجوڑ سے بجوڑ دیا ـ خود امریکہ نے مشرف کیلئے اِس سال کئی تحفے ایڈ کرلئے، پہلے عشرے میں سلسلہ وار تحائف سے اُنکے اوسان ڈھیر ہوگئے ساتھ میں باجوڑ کارروائی میں یتیم ہونے والے بچے اور بیواؤں کی آہیں نصیب ہوئیں ـ ـ جاری

باقی پھر کبھی